حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجۃ الاسلام محمد سعیدی نے مدرسہ علمیہ امیرالمومنین علی(ع)رشت میں درس اخلاق دیتے ہوئے کہا کہ طالب علمی کی راہ میں عبودیت اور بندگی کے مقام تک پہنچنے کے لئے رکاوٹوں اور مشکلات سے مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیطان سے جہاد کا مطلب یہ ہے کہ انسان زندگی کے تمام معاملات میں خدا کی اطاعت اور احکام الٰہی کی تعمیل کرے۔اگر زندگی کے تمام معاملات میں خدا کی اطاعت عملی طور پر نظر آجائے تو برکتوں اور رحمتوں کا نزول ہو گا؛جب ہماری مرضی خدا کی مرضی کے مطابق ہو تو راہِ خدا میں جان دینا شہد سے بھی زیادہ میٹھا ہو جاتا ہے اور اسی کا نام شہادت ہے۔
استاد حوزہ علمیہ گیلان نے کہا کہ ایک شخص جو روزی کمانے کے لئے پسینہ بہاتا ہے اس شخص سے مختلف ہے جو کمانے کے لئے کوئی کوشش نہیں کرتا،اگر ہمارا مقصود خدا ہو تو راہِ خدا میں مشقت مٹھاس ہو جاتی ہے اور اگر مقصود شیطان ہو تو ہماری زندگیاں برکت اور نعمتوں سے خالی ہو جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امام صادق علیہ السلام نے فرمایا کہ قیامت کے دن ملائکہ دیکھیں گے کہ بعض لوگوں کا مقام و مرتبہ بہت بلند ہے،لیکن ان کے نامہ اعمال میں کوئی خاص عمل نہیں ہے،ملائکہ خدا سے پوچھتے ہیں کہ ایسا کیوں ہے؟خدا ملائکہ سے فرماتا ہے کہ ان لوگوں نے جو کچھ بھی کیا خلوص نیت سے کیا ہے اور اپنی عبادت کو دکھاوے کے لئے انجام نہیں دیا اور اسے لوگوں کی نظروں سے چھپا کر میرے اور اپنے درمیان ایک راز قرار دیا ہے۔